شاہی خاندان کو 50ہزار سے زیادہ تعزیتی پیغامات اور خطوط موصول

October 03, 2022

لندن (پی اے) ملکہ کی وفات کے بعد سے اب تک شاہی خاندان کو 50,000سے زیادہ تعزیتی پیغامات اور خطوط موصول ہوچکے ہیں۔ بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ ملکہ کی تدفین کے دن کے بعد سے 6,500 یومیہ کی شرح سے عوام کے تعزیتی جذبات پر مبنی پیغامات اور خطوط موصول ہو رہے ہیں۔ ان میں سے ایک کارڈ پر لکھا تھا کہ ہم کو تاج سے بڑھ کر آپ کی فکر ہے۔ ان میں سے بہت سے خطوط براہ راست نئے شاہ چارلس سوم کے نام لکھے گئے ہیں۔ ملکہ کی وفات سے قبل بکنگھم پیلس کو عوام کی جانب سے ہفتہ میں کم وبیش ایک ہزار خطوط موصول ہونے کی توقع کی جاتی تھی، جن میں ملکہ کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی تھیں اور خیرسگالی کے پیغامات ہوتے تھے۔ پیلس کا کہنا ہے کہ تمام خطوط کو انتہائی توجہ سے پڑھ کر ان کے جواب بھیجے جائیں گے، چونکہ شاہ، ملکہ کنسورٹ اور شاہی فیملی کے دیگر افراد کو بھیجے گئے خطوط کی پراسیسنگ کرنے والی خط وکتابت سے متعلق ٹیم بہت چھوٹی ہے، اس لئے کچھ وقت لگ سکتا ہے۔