ہارٹ ڈے اور تھیلیسیمیا کے عنوان سے آگاہی تقریب کا انعقاد

October 04, 2022

پشاور(جنگ نیوز) دل کے عالمی دن کی مناسبت سے فرنٹیئرفاؤنڈیشن میں دل اور تھیلی سیمیا کے عنوان سے آگاہی تقریب فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان، تھیلی سیمیا میں مبتلا بچوں کے والدین اور جملہ سٹاف نے شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر فخر زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند زندگی کے لئے صحت مند دل ضروری ہے اس لئے دل کو انسانی جسم کا اہم عضو کہا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں سے آگاہی اور اس کی روک تھام کیلئے عالمی یوم قلب منایا جاتا ہے عالمی ادارہ صحت کے مطابق سالانہ ایک کروڑ ستر ہزار افراد دل کی بیماریوں کے باعث جان سے چلے جاتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ دل کو تھیلی سیمیا کے ساتھ اس لئے جوڑا جاتا ہے کہ چونکہ دل انسانی جسم کو خون مہیا کرتا ہے اور تھیلی سیمیا کے مریضوں میں متواتر انتقال خون کے سبب آئرن کی مقدار زیادہ ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے دل اور جگر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور وہ اپنا کام صحیح طریقے جاری نہیں رکھ پاتے جس کے نتیجے میں تھیلی سیمیا فیلوز کو ہارٹ اٹیک اور دل کی دھڑکن تیز ہونے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا کے مریضوں کو انتقالِ خون کے ساتھ ساتھ آئرن کم کرنے والی دوا باقاعدگی سے استعمال کرنی چاہئے تاکہ ان کا دل صحت مند رہے، وہ متوازن غذا کھائیں، روزانہ ورزش کریں اور تمباکو نوشی سے پرہیز کریں، اس کے علاوہ سال میں ایک دفعہ ایکو، کولیسٹرول، کارڈیک انزائمز اور ٹی ٹو سٹار ایم آر آئی سکین کرنا چاہئے تاکہ دل کی کارکردگی کا اندازہ ہوسکے۔بعدازاں عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی۔