پشاور(جنگ نیوز)کومسیٹس یونیورسٹی کیمپس میں اسٹوڈنٹس اسٹارٹ اپ بزنس سمٹ 2025 کامیابی سے منعقد ہوئی، جو “شیپنگ دی فیوچر آف انٹرپرینیورشپ” کے عنوان سے منعقد کی گئی۔ سمٹ میں طلبہ کی اختراعی صلاحیتوں، کاروباری ٹیلنٹ اور یونیورسٹی و صنعت کے مضبوط اشتراک کو نمایاں کیا گیا۔سمٹ کی نمایاں سرگرمیوں میں اسٹوڈنٹس اسٹارٹ اپ بزنس سینٹر (SSBC) کا باضابطہ افتتاح شامل تھا، جس کا مقصد طلبہ کے اسٹارٹ اپس کو رہنمائی، تربیت اور صنعت سے روابط کے ذریعے معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر اکیڈمیا، صنعت، بینکنگ، ٹیکنالوجی، پبلک پالیسی اور انٹر پرینیور شپ سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے کلیدی خطابات اور پینل مباحثوں میں شرکت کی، جن میں اسٹارٹ اپس، قیادت، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، پائیدار ترقی اور ایگری پرینیورشپ جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔طلبہ نے بزنس آئیڈیاز پچنگ مقابلے میں بھرپور حصہ لیا اور ماہر جیوری کے سامنے اپنے جدید تصورات پیش کیے۔ اسٹارٹ اپ اسٹالز اور پروٹو ٹائپ نمائش نے سیکھنے اور نیٹ ورکنگ کے مواقع کو مزید مؤثر بنایا۔ سمٹ کے اختتام پر بہترین پچ، سب سے اختراعی آئیڈیا، بہترین سماجی اثر رکھنے والا اسٹارٹ اپ اور پیپلز چوائس ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد اسناد تقسیم کی گئیں۔