”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ریلیز کی تیاریاں عروج پر!! مرکزی کردار فواد خان اور حمزہ عباسی کا فلم بینوں کیلئے اہم پیغام

October 05, 2022

کراچی (جنگ نیوز) جیوفلمز کی پیشکش، پروڈیوسر عمارہ حکمت اور نئی نسل کے ڈائریکٹر بلال لاشاری کی شاہکار فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی ریلیز کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔ فلم 13/ اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کے مرکزی کردار فواد خان (مولاجٹ) نے ایک ویڈیو پیغام میں فلم بینوں سے درخواست کی ہے پاکستان کی مہنگی ترین فلم کے ایڈوانس ٹکٹ جلد از جلد بُک کرالیں کیونکہ اس فلم کے ٹکٹس پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بہت تیزی کے ساتھ فروخت ہورہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کی اور مداحوں کے درمیان ملاقات 13اکتوبر کو سینما گھروں میں ہوگی۔ دوسری طرف فلم کے ایک اور مرکزی کردار حمزہ علی عباسی (نوری نتھ) کا کہنا تھا کہ ماضی کی سپر ہٹ فلم ”مولا جٹ“تین بار دیکھ چکا ہوں، اُس فلم کے مرکزی کردار مصطفی قریشی سے کبھی میری تفصیلی ملاقات نہیں ہوئی البتہ اب اُن سے ملنے کا تجسس بڑھ گیا ہے، فلم میں فائٹ سین کرنا آسان نہیں تھا، فلم کے دوران میرا گیٹ اَپ کرنے والی ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اس مووی میں اچھائی اور برائی کے درمیان لڑائی دکھائی جائے گی۔ نوری نتھ کا کردار میری شخصیت سے بہت زیادہ مختلف ہے۔ اچھا اداکار منفی کردار میں بھی اچھا پرفارم کرسکتا ہے اور میں نے بھی منفی کردار کو مزید نکھار کر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ فلم سازوں نے ”جیوفلمز“ کے ساتھ اس فلم کی پارٹنر شپ کی ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ اور پاکستانی سنیما کی بحالی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر کام کررہا ہے۔ مقامی طور پر اس فلم کو مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ تقسیم کرے گی جبکہ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔