پاکستانی ٹیم کو کرائسٹ چرچ کے سرد موسم کا سامنا، آج ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن ہوگا، سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

October 06, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لاہور کے گرم موسم کے بعد پاکستانی ٹیم کو کرائسٹ چرچ کے سرد موسم کا سامنا ہے۔جمعرات کو پاکستان ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔بدھ کو بارش کے ساتھ اولے بھی گرے جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے گرم کپڑے نکال لئے ہیں اور سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں نے گرم کپڑوں کی تصاویر پوسٹ کی ہیں شاداب خان نے کپتان بابر اعظم اور حارث رؤف کے ہمراہ تصویر شیئر کی ہے جس میں تینوں کھلاڑیوں نے گرم کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔اس تصویر میں شاداب خان نے سردی سے بچنے کے لیے بابر اور حارث سے بھی زیادہ خود کپڑوں میں لپیٹا ہوا ہے۔تصویر کے کیپشن میں شاداب خان کا لکھنا ہے کہ ’ہائے امی جی سردی۔ان دنوں کرائسٹ چرچ میں موسم سرد اور کم سے کم درجہ حرارت دو سینٹی گریڈ تک چلاجاتا ہے۔بدھ کوکرائسٹ چرچ میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ جمعرات کوبھی بارش، موسم سرد اوربرفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔موسم کے لحاظ سے شام کے میچز کے دوران پاکستان ٹیم کو ٹف کنڈیشنز کا سامنا ہوگا۔ٹریننگ شیڈول نہ ہونے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم ہوٹل ہی میں رہے گی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق میچ سے قبل واحد ٹریننگ سیشن بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے مابین سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن اور بنگلہ دیش کی جانب سے نورالحسن نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ تینوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ پہنچ چکی ہیں پاکستان کی ٹیم سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان دونوں ٹیموں کے خلاف پلڑا بھاری ہے۔پاکستان نے اب تک نیوزی لینڈ کے خلاف 25 میچز کھیلے ہیں جن میں 15 میں اسے کامیابی اور 10 میں شکست ہوئی ہے۔ اس فارمیٹ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ 201 اور سب سے کم 101 رنز اسکور کیے ہیں۔بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی میچز میں ریکارڈ شاندار ہے۔ دونوں ٹیمیں 15 مرتبہ ایک دوسرے کا آمنا سامنا کرچکی ہیں جس میں 13 میچز میں پاکستان کامیاب ہوا جبکہ 2 میچز بنگلہ دیش نے جیتے۔قومی ٹیم جمعے کو اپنا پہلا میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوگا۔پاکستان ٹیم ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی جوکہ صبح 11 بجے شروع ہوگاجبکہ 11 اکتوبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان میچ صبح 7 بجے کھیلا جائے گا۔سیریز کا چھٹا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 13 اکتوبر کو صبح 7 بجے کھیلا جائے گا۔تین ملکی سیریز کا فائنل میچ 14 اکتوبر پر پاکستانی وقت کےمطابق صبح 7 بجے کھیلا جائے گا۔