شہر میں مسلح ڈاکوؤں کا راج، عوام کی جان و مال کا تحفظ نہیں، حافظ نعیم

October 06, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہر میں مسلح ڈاکوؤں کا راج ہے، عوام کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں، سندھ حکومت، محکمہ پولیس اور قانونی نافذ کرنے والے ادارے بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں، ڈاکو بھی ناکے لگا کر گن پوائنٹ پر شہریوں سے قیمتی اشیاء، موبائل اور موٹر سائیکلیں چھین رہے ہیں،مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پولیس چیف کے شہر میں جرائم کی کمی کے تمام دعوؤں کی نفی اور سندھ حکومت، محکمہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، شہریوں میں شدید بے چینی و اضطراب اور خوف و ہراس پھیل رہا ہے، مسلح ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر نہ صرف گلی محلوں میں، بلکہ بڑی سڑکوں، اہم شاہراؤں، مارکیٹوں اور پارکوں میں دندناتے پھر رہے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کا یہ حال ہے پورے ملک میں کہیں جرائم اور امن و امان کی ایسی سنگین صورتحال نہیں ہے۔