پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دل خون کے آنسو روتا ہے، کنگ چارلس

October 06, 2022

راچڈیل (ہارون مرزا)پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دل خون کے آنسو روتا ہے، سیلاب نے جس طرح پاکستان میں تباہی مچائی ہے، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، ان خیالات کا اظہار کنگ چارلس نے برطانیہ کے معروف بزنس مین انیل مسرت کے ساتھ سائوتھ ایشین کمیونٹی کی ایک تقریب میں ملاقات کے دوران کیا، سائوتھ ایشین کمیونٹیز سے ملاقات کیلئے کنگ چارلس کی طرف سے مختلف سماجی و سیاسی رہنمائوں کو مدعو کیا گیا تھا، ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات کے بعد کنگ چارلس نے گزشتہ روز باقاعدہ عوامی ملاقاتوں کا سلسلہ ایشین کمیونٹی سے ملاقات کر کے شروع کیا ہے، معروف بزنس مین انیل مسرت نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ کنگ چارلس کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی دکھ ہوا ہے اور انہوں نے کنگ چارلس کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور ہلاکتوں کے علاوہ جانی و مالی نقصان کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ہے، وہ یہ دیکھ کر ششدر رہ گئے کہ کنگ چارلس کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں مکمل آگاہی تھی، انہوں نے کہا کہ کنگ چارلس نے ایشین کمیونٹی سے ملاقات کیلئے مانچسٹر کے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے، انیل مسرت نے مزید کہا کہ ملکہ الزبتھ بلاشبہ ایک عظیم شخصیت تھیں اور انہوں نے بطور کوئین ایک طویل عرصہ تک حکمرانی کا ریکارڈ قائم کیا مگر اسکے باوجود انکی ذات پر کوئی حرف نہیں آیا، اب کنگ چارلس نے یہ ذمہ داریاں سنبھالی ہیں تو وہ بھی اس مشن کو آگے لے کر چلیں گے، کنگ چارلس کی قیادت میں برطانیہ میں خوشحالی آئیگی اور برطانیہ میں آباد مختلف رنگ و نسل کے لوگوں میں اعتماد پیدا ہوگا اور برطانیہ مزید ترقی کرے گا ۔