سائبر فراڈ کا ایک اور جدید طریقہ، موبائل چارجر کے ذریعے ڈیٹا حاصل کرکے 16 لاکھ روپے سے بزنس مین محروم

October 06, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) سائبر فراڈ کا ایک جدید طریقہ منظر عام پر آیا ہے اور بھارتی شہر حیدرآباد کی ایک بڑی کمپنی کا سی ای او سولہ لاکھ روپے سے محروم ہوگیا۔ اس فراڈ میں نہ تو متاثرہ شخص کا او ٹی پی( ون ٹائم پاس ورڈ) استعمال ہوا، نہ ہی کوئی کال آئی اور نہ ہی آن لائن لنک بھیجا گیا اور نہ ہی کھولا گیا اور سی ای او مذکورہ رقم سے محروم ہو گیا۔ کیوں کہ متاثرہ شخص خود بھی ساونڈ ٹیکنیکل بیک گراؤنڈ کا حامل تھا تو اس نے خود تحقیقات کیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں انکشاف ہوا کے اس کے آفس میں اس کے موبائل فون کا چارجر نصب تھا اور دفتر کی صفائی ستھرائی کرنے والے باہر کے عملے نے اس چارجر کو تبدیل کرکے اس کی جگہ ہو بہو یو ایس بی والا چارجر لگا دیا جس میں چپ موجود تھی اور تمام موبائل ڈیٹا اس سے منتقل کرکے فراڈ کر دیا گیا۔ اس حوالے سے کراچی میں تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم نے "جنگ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کے مذکورہ واقعہ بھارت کے شہر حیدر آباد میں پیش آیا اور وہاں کی ایجنسیاں اور مختلف سوشل میڈیا گروپس اس واقعے کی تشہیر کر رہے ہیں تاکہ عوام آگاہ ہو سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ طریقہ واردات جدید ہے اور نا صرف یہ بلکہ یورپ میں ایسے ڈیوائس بھی آ چکے ہیں کہ کسی کے پاس سے گزرتے ہوئے اس کی موبائل فون میں موجود تمام ڈیٹا ہیکر۔ کو منتقل ہو جاتا ہے۔ اس جدید فراڈ سے بچنے کے لئے اپنے موبائل چارجر کا دھیان رکھنا ضروری ہے۔