کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کو اتوار کے روز میوہ شاہ قبرستان میں ان کی والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا، وہ ہفتےکو انتقال کرگئی تھیں، ان کی نماز جنازہ سلطان مسجد ڈیفنس میں ادا کی گئی جس میں مالیاتی شعبے سمیت سماجی و کاروباری چیدہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی،مرحومہ وزیر خزانہ اور اسٹاک ایکس چینج کے بورڈ کی پہلی خاتون چیئرمین بھی رہ چکی تھیں، نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد شمریز، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین، ڈاکٹر سلیم اللہ، وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد، خیبرپختون خوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ایم ڈی فرخ حسین، بورڈ کے رکن احمد چنائے کاروباری برادری بینکوں اور مالیاتی اداروں کی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے ان کی وفات کو ملک کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے مالیاتی شعبے کو مستحکم بنانے کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ڈاکٹر شمشاد اختر کی وفات کو پاکستان کے مالیاتی شعبے کیلئےایک بڑا نقصان قرار دیا ،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر سلیم اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان کا افتخار اور سرمایہ تھیں انہوں نے پاکستان کے مالیاتی شعبہ میں اداروں کو مضبوط بناکر مالیاتی شعبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔