• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے سامنے رکاوٹیں، دنیا میں حدود واضح ہونے لگیں

کراچی (نیوز ڈیسک) 2026 میں ٹرمپ کے سامنے رکاوٹیں، دنیا میں حدود واضح ہونے لگیں۔ 2025 امریکی صدر کی یکطرفہ عالمی سیاست کا نقطۂ عروج تھا، اب انہیں تعاون اور سمجھوتوں پر آنا پڑے گا۔ داخلی طور پر عدلیہ، ریاستی حکومتیں اور انتخابی دباؤ ڈونلڈ ٹرمپ کی طاقت کو محدود کرینگے۔ ٹائم میگزین کے تجزیہ نگار کے مطابق 2025 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز پر صدارتی اختیارات کو غیر معمولی حد تک وسعت دی اور امریکی سیاسی نظام کی روایتی حدود کو چیلنج کیا، تاہم 2026 میں ان کی طاقت کو داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر سنجیدہ رکاوٹوں کا سامنا ہوگا۔ اندرونِ ملک عدلیہ، ریاستی گورنرز، بلدیاتی قیادت اور آئندہ وسط مدتی انتخابات کا دباؤ ان کے اقدامات کو محدود کر سکتا ہے، جبکہ مہنگائی اور عوامی مایوسی بھی ان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے۔ بیرونی محاذ پر چین کے ساتھ تجارتی کشیدگی، نایاب معدنیات پر بیجنگ کی پابندیاں، یوکرین جنگ میں یورپ کا بڑھتا ہوا کردار، مشرقِ وسطیٰ میں کثیرالجہتی حل کی ضرورت اور اتحادی ممالک کی بڑھتی ہوئی سودے بازی کی طاقت اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اکیلے عالمی نظام کو اپنی مرضی سے نہیں چلا سکتا۔ مضمون کے مطابق 2025 ٹرمپ کی یکطرفہ عالمی سیاست کا نقطۂ عروج تھا، جبکہ 2026 وہ سال ہوگا جب ان کے اس وژن کی حدود واضح ہو جائیں گی اور انہیں عالمی سطح پر تعاون اور سمجھوتوں کی طرف آنا پڑے گا۔
اہم خبریں سے مزید