استاد اور شاگرد کے درمیان رشتہ زندگی کا ستون ہے، پروفیسر اقبال ترین

October 06, 2022

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسر محمد اقبال ترین نے کہاہے کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ معنی و مفہوم کہ اعتبار سے انسانی زندگی کا ستون ہے وہ ستون جو زندگی کو معنی اور مفہوم کے حسین رنگوں سے نکھار دیتا ہے ایک بہترین استاد طالب علم کو اچھے اخلاق و اعتماد کی بلندیوں تک لے جاتا ہے وہ شاگرد کو کردار اور اخلاق کی پابندیوں تک پہچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا انہوں نے کہا کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ خاص اہمیت کا حامل ہے استاد اور شاگرد دونوں کو اپنے فرائض سے آگاہ ہونا چاہیے اور انہیں بحسن و خوبی ادا کرنا چاہئے۔ تعلیمی اداروں اور تعلیم کی کامیابی کا انحصار استاد اور شاگرد کے خوشگوار تعلقات پر ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ استاد خواہ مرد ہو یا عورت ماں باپ کا بدل تصور کئے جاتے ہیں۔ استاد کا فرض ہے کہ وہ علم دینے کے ساتھ ساتھ محبت و شفقت کا اظہار کرے اور طالب علم کی ذمہ داری ہے کہ علم حاصل کرنے کیساتھ استاد کو احترام کرے۔