بلوچستان کی جیلوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، آئی جی جیل خانہ جات

October 06, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات بلوچستان ملک شجاع الدین کاسی سے فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عظمیٰ یعقوب نے ملاقات کی اور بلوچستان کی جیلوں میں خواتین ، بچوں اور کم عمر قیدیوں کو تعلیم و ہنر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت جیل اسٹاف کی تربیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا ، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا گیا کہ کم عمر قیدیوں اور خواتین کے ہمراہ جیلوں میں موجود بچوں کو تعلیم کی سہولت اور خواتین کو ماہانہ بنیادوں پر ضروری نسوانی اشیاء کے لئے سرکاری سطح پر بجٹ کی منظوری تک عبوری بنیادوں پر نجی فلاحی ادارے یعقوب میموریل ٹرسٹ کی جانب سے معاونت فراہم کی جائے گی اورکم عمر قیدیوں اور خواتین کو مختلف شعبوں میں ہنر مندی کی تربیت کے لئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ بلوچستان کی جیلوں کو اصلاح معاشرہ کا مثالی نمونہ بنانے کے لئے اصلاحات پر عمل درآمد جاری ہے، وفاقی اور صوبائی محتسب کی ہدایات اور مشاورت سے جیلوں میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات میں بتدریج بہتری لائی جارہی ہے اور قدیم جیل مینوئل پر مرحلہ وار نظر ثانی کرتے ہوئے اسے اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے، جیل مینوئل میں تعلیمی استعداد کار میں اضافے کی شرط پر عائد شدہ سزا میں کمی اس قدیم تعلیمی مینوئل کے تحت دی جاتی ہے جو قیام پاکستان کے بعد نافذ کیا گیا تھا ۔اس تعلیمی مینوئل میں اردو ، انگریزی، فارسی اور بنگالی زبانوں کا ذکر تو ہے تاہم اس میں بلوچی اور براہوئی موجود نہیں جسکی وجہ سے ان دونوں مقامی زبانوں میں تعلیمی استعداد کار بڑھانے والے قیدیوں کو سزا میں رعایت دینا ممکن نہیں، اس وقت بھی ایک خاتون قیدی نے براہوئی میں متعلقہ تعلیمی استعداد کا امتحان پاس کیا ہوا ہے تاہم جیل مینوئل میں براہوئی کا ذکر نہ ہونے کی وجہ سے یہ خاتون سزا میں رعایت سے محروم ہے، اس ضمن میں خاتون نے قانونی فورم پر رجوع کیا ہے اور محکمہ جیل خانہ جات نے سمری تیار کرکے محکمہ داخلہ بلوچستان کو منظوری کے لئے بھیج دی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کم عمر قیدیوں خواتین اور بچوں کے لئے تعلیم اور ضروری اشیاء کی فراہمی کے لئے فلاحی ادارے یعقوب میموریل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر خواتین کی ضروری اشیاء کی فراہمی کے لئے ایک مخصوص بجٹ مختص کرنے کے لئے محکمہ جیل خانہ جات کی جانب سے حکام کو مراسلہ ارسال کرکے مناسب فنڈز کے اجراء کی درخواست کی جائیگی ۔