جامعہ بلوچستان میں طلباء پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیا جائے، پشتون ایس ایف

October 06, 2022

کوئٹہ (پ ر)پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف بلوچستان میں انتظامیہ کی جانب سے انٹر میڈیٹ کے نتائج آنے پر داخلے بند کرنے کا اعلان اور انٹری ٹیسٹ سے تین دن پہلے ٹیسٹ کے طریقہ کار میں تبدیلی کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دینے اور صوبے کے ہزاروں طلباء کے مستقبل کو دائوپر لگانے کے مترادف ہےتاہم پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کسی کو طلباء کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر داخلوں کی تاریخ میں توسیع کر کے پرانے طرز پر ٹیسٹ کے انعقاد کے ساتھ سیٹوں میں اضافے کا اعلان کرے۔ حکومت وقت سے گزشتہ دنوں جامعہ کے احاطے میں طلبہ پر تشدد کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرکے واقعہ میں ملوث کرداروں کو قرار واقعی سزاء دی جائے ۔