وقف جائیداد پر غیر قانونی قبضہ کو تحویل میں لینے کے لیے کارروائی شروع

November 25, 2022

پشاور(جنگ نیوز) ایڈمنسٹریٹر اوقاف و مذہبی امور خیبرپختونخوا حامد علی گگیانی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی سلیم ایوبی کی زیر نگرانی وقف جائیداد پر ناجائز قابضین کے خلاف آج زاھدآباد یکہ توت موضع ٹکرا نمبر تھری پشاور میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس کے دوران متعلقہ سرکل کے مینجر شیرافضل آفریدی کے علاوہ پولیس نفری اور دیگر عملہ بھی موجود تھے، ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کے دوران خسرہ نمبر 724 تعدادی 1 کنال 10مرلہ جس میں سے 15 مرلہ کاروباری جائیداد کا غیرقانونی قبضہ ختم کرکے سرکاری تحویل میں لے کر موقع پر سیل کیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف حامد علی گیگیانی نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے انہوں نے بتایا کہ اسی طرح کے آپریشنز گزشتہ روز ز گل بہ تنگی ضلع چارسدہ اور بنیادی تحصیل شاہ عالم ضلع پشاور میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے تعاون سے کیے گئے جس میں متعلقہ محکمہ مال کا عملہ بھی شامل تھا، جن کی مدد سے وقف جائیدادوں کی صحیح نشاندہی کی گئیں اور غیر قانونی تجاوزات موقع پر ختم کی گئیں جبکہ متعدد مکانات بھی سیل کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس قسم کی کارروائیوں سے قبضہ مافیا کی حوصلہ شکنی ہو گی اور آئندہ کے لئے کوئی بھی وقف جائیداد کو مال غنیمت سمجھ کر ہڑپ نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ موضع ٹکڑا نمبر 3 میں باقی رقبہ پر اٹھارہ عدد رہائشی مکانات بھی موجود ہیں جن کا مکمل ریکارڈ محکمہ اوقاف کے پاس ہے جن میں سے کچھ مکانات کے بارے میں عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں اس کے خلاف قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اوقاف قوانین کے مطابق نمٹیں گے اور جلد ہی غیرقانونی کابضین سے وقف جائیداد کو واگزار کر کے دم لیں گے۔