اسماعیل تارا کی اداکاری کے ذہنوں پر انمٹ نقوش ہیں: وزیرِ اعظم

November 25, 2022

وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ ناظرین کے ذہنوں پر اسماعیل تارا کی اداکاری کے ان مٹ نقوش ہیں۔

جاری کیے گئے بیان میں اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا کے انتقال پر وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف نے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے مرحوم اسماعیل تارا کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے اور ان کے اہلِخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مرحوم اسماعیل تارا مزاحیہ اداکاری میں منفرد مقام رکھتے تھے، اسماعیل تارا نے مزاح کو آرٹ کی ایک صنف کے طور پر مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروگرام ففٹی ففٹی میں اسماعیل تارا کی اداکاری یادگار رہے گی، اسماعیل تارا کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اسماعیل تارا گزشتہ شب انتقال کر گئے

نامور فنکار اسماعیل تارا گزشتہ روز 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق لیجنڈری اداکار 3 روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

اسماعیل تارا کی نمازِ جنازہکراچی میں ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میںپیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی سمیت اہلِخانہ، شوبز شخصیات اور دیگر افراد نے شرکت کی۔