سلامتی کونسل میں شمالی کوریا پر پابندیوں کی کوشش ناکام

November 26, 2022

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کے تناظر میں امریکا نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس کے دوران شمالی کوریا پر نئی پابندیاں تو درکنار اس کے خلاف کوئی باضابطہ بیان بھی جاری نہیں ہوسکا۔ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شمالی کوریا کی جانب سے مبینہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کو لے کر پابندیوں کا مطالبہ کیا، تاہم روس اور چین کی جانب سے مخالفت کی وجہ سے سلامتی کونسل کوئی قدم نہیں اٹھا سکی۔دوسری جانب شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے میزائل تجربات کی مذمت کرنے میں امریکا کا ساتھ دینے پر اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کو امریکی کٹھ پتلی قرار دیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے میزائل تجربات پر دہرے معیار کا مظاہرہ کیا۔ سلامتی کونسل کا اجلاس شدید سیاسی اشتعال انگیزی تھا۔ شمالی کوریا نے کہا کہ اس کی خود مختاری سے متعلق مسائل پیدا کرنے والوں کو سخت جواب دیا جائے گا۔ پیانگ یانگ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن جتنا شمالی کوریا مخالف اقدامات پر مصر رہے گا، اس سے زیادہ اسے سیکورٹی بحران کا سامنا کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ دنوں بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے ایک ہفتے میں 23 سے زائد میزائل تجربات کیے تھے۔