ورلڈ کپ کا انوکھا واقعہ، دو بھائیوں کا الگ الگ ممالک کیلئے ڈیبیو

November 26, 2022

دوحا (جنگ نیوز) فٹبال ورلڈکپ میں دو سگے بھائی اناکی اور نیکو ولیمز دو الگ ممالک کے شہری اور اپنی ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اناکی نے برازیل کے خلاف گھانا کیلئے ڈیبیو کیا جبکہ نیکو نے کوسٹاریکا کے خلاف اسپین کی نمائندگی کی۔ دراصل ان کے والدین ماریا اور فیلکس نے گھانا میں مشکلات کے سبب برسوں پہلے ملک سے اسپین کی جانب نقل مکانی کی تھی اور بلباؤ علاقے میں زندگی بسر کرنے کا فیصلہ کیا۔ جہاں اناکی اور نیکو ولیمز پیدا ہوئے۔ لیکن یہاں پہنچنے کیلئے خاندان نے صحرائے صحارہ میں 50 ڈگری کی گرمی میں 4900 کلومیٹر کا سفر کیا، وہ کبھی ننگے پاؤں چلتے اور کبھی لفٹ ملنے پر ٹرک میں سفر کرتے تھے۔ لیکن اب یہ مشکلات ختم ہوچکی ہیں۔ اناکی اور نیکو اچھے فٹبالر تھے انہوں نے ایتھلیٹک بلباؤ کیلئے لگا لیگا کھیلی۔ البتہ28 سالہ اناکی نے بین الاقوامی فٹبال میں آبائی ملک گھانا جبکہ 20 سالہ نیکو نے اسپین کو ترجیح دی۔ 23 ستمبرکو اناکی نے برازیل اور اگلے روز24 ستمبر کو نیکو نے اسپین کیلئے سوئٹزرلینڈ کیخلاف ڈیبیو کیا۔