وکلاء کمپلیکس تعمیر میں تاخیر، وزارت قانون کے جوائنٹ سیکرٹری طلب

November 26, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا ءکمپلیکس کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف درخواست پر سی ڈی اے سے رپورٹ جبکہ وزارت قانون کے جوائنٹ سیکرٹری کو ذاتی حیثیت میں یکم دسمبر کو عدالت طلب کر لیا ۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد بار کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے شعیب شاہین ایڈووکیٹ دیگر وکلا ءکے ہمراہ پیش ہوئے۔ نے کہا کہ وزارت قانون عدالت کو بتائے کہ وکلا کمپلیکس کی تعمیر کیلئے فنڈز کیوں نہیں جاری ہوئے؟ سی ڈی اے اپنی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کروائے۔ فاضل چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ اعلانات پر نہیں جانا ، بلا کر فنڈ جاری کروائیں ، قانون قاعدہ پورا کرنا ہے ، یہ سمجھیں جوڈیشری کا کام ہے، صاف شفاف کام ہونا چاہئے۔ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ وزارت قانون کو سمری بھیجی ، ٹینڈر آوٹ کر دئیے تھے۔ فنڈز لا منسٹری جاری کرے گی، جیسے ہی فنڈ منظور ہوں گے کام شروع ہوجائے گا۔