سیاستدان افواج کو سیاسی بکھیڑوں میں ملوث نہ کریں، حسین مقدسی

November 26, 2022

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ آغا حسین مقدسی نے نئے آرمی چیف کی تقرری کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے اہل سیاست سے اپیل کی ہے کہ وہ افواج پاکستان کو سیاسی بکھیڑوں میں گھسیٹنے کا سلسلہ بند کردیں۔خوش اسلوبی کے ساتھ فوجی کمان کی تبدیلی سے بھارت میں سوگ کا سماں ہے۔ محافظان وطن پر الزامات لگا کر دشمنوں کو خوش کرنامادر وطن سے خیانت ہے۔ نواسی رسول ؐ سیدہ زینب بنت علی کی ولادت کی مناسبت سے 5جمادی الاول کو یوم عقیلہ بنی ہاشم منائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ شبیہہ الحسن کاظمی کی زیر سرکردگی ٹی این ایف جے اسلام آباد کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نا اہل سیاستدان ہمیشہ فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کا موجب بنے اور مفادات پورے ہو جانے پر انہی سیاستدانوں نے فوج کو بدنام کرکے دشمنوں کو خوش کیا ۔