پاکستان پیپلزپارٹی کا 55واں یوم تاسیس شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ

November 27, 2022

پشاور (اے پی پی)پیپلزپارٹی ضلع پشاور کے صدر رضا اللہ خان چغر مٹی کے زیر صدارت پیپلز پارٹی ضلع پشاور کی کابینہ ، تمام حلقوں کی تنظیموں ، سابق امیدواروں سمیت سوشل میڈیا عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں جنرل سیکرٹری خالد خان اچر سیکرٹری اطلاعات عادل علی شاہ سمیت دیگر عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے زیر اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی کا 55واں یوم تاسیس جوش و خروش سے منایا جائے گا ، یوم تاسیس شایان شان انداز میں منانے کے لئے ملک تماش خان کے حجرہ بخشوپل میں دن دو بجے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔جس میں پشاور ضلع کابینہ، تمام صوبائی حلقوں یونین کونسل وارڈز تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضا اللہ خان چغر مٹی جنرل سیکرٹری خالد خان اچر سمیت دیگر عہدیداروں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہو گئے ، پی پی کی جڑیں عوام میں ہیں اور عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہیں، پارٹی نے ہر آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے حقوق کی آواز بلند کی ، اس راہ میں پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹوشہید نے پھانسی کا پھندہ قبول کیا۔ ہر دلعزیز لیڈ ر اور عالم اسلام کی پہلی مسلم خاتو ن وزیر اعظم بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، پارٹی کے کارکنو ں اور رہنماوں نے قیدو بند ، مظالم ، اور تشدد برداشت کیا مگر اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے، پارٹی کو ختم کرنے کیلئے ہر طرح کی سازشوں کے جال بنے گئے مگر آج بھی پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں میدان میں موجود ہے اور سیاسی و معاشی میدان میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔