• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جانوروں پر ظلم کرنیوالوں کیخلاف اینمل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے،کمشنرپشاور

پشاور( لیڈی رپورٹر )کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور کے مختلف علاقوں میں جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق جانوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی خاتون سوشل ورکر لبنیٰ تاجک نے کمشنر پشاور ڈویژن کو شکایت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پشاور کے علاقوں کوہاٹی چوک، گلبہار اور باچاخان چوک میں جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والے بعض دکاندار جانوروں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کرتے ہیں۔ شکایت میں بتایا گیا کہ بعض افراد کتوں کے کان کاٹ کر انہیں مخصوص مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہیں جو کہ انتہائی ظلم اور قانوناً قابلِ سزا عمل ہے۔شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس طلب کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی ذیشان نجیب، محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ وائلڈ لائف کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی کو ہدایت جاری کی کہ وہ محکمہ وائلڈ لائف اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کے ہمراہ کوہاٹی چوک، گلبہار اور باچاخان چوک میں جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والی دکانوں کا فوری معائنہ کریں اور جانوروں پر ظلم کرنے والوں کے خلاف اینمل ویلفیئر ایکٹ 2024 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس حوالے سے جانوروں کی خرید وفروخت کرنے والے د کانداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل اجلاس منعقد کریں جس میں باقاعدہ ایس او پیز (SOPs) تیار کئے جائیں اور کارروائی کی 72 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔
پشاور سے مزید