پشاور( سٹاف رپورٹر،لیڈی رپورٹر)صوبائی دارالحکومت پشاور میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر عوامی تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے اہم اقدامات کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش یا ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور پٹاخوں کی خرید و فروخت و نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔اعلامیے کے مطابق کشتیوں میں اوورلوڈنگ، تفریحی پارکس میں غیر محفوظ رائیڈز، ڈیموں اور دریاؤں میں لائف جیکٹ کے بغیر نہانے یا تیراکی کرنے اور ڈبل یا ہیوی سائلنسر والی ہیوی بائیکس اور اسپورٹس گاڑیوں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق احکامات کی خلافورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ پابندیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور آئندہ 30 دن تک برقرار رہیں گی۔