سرجانی ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق، 2 بیٹے زخمی، علاقہ مکینوں کے تشدد سے 2 ڈاکو ہلاک

November 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرجانی ٹائون میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے باپ جاں بحق جبکہ2بیٹے زخمی ہوگئے ، علاقہ مکینوں نے دونوں ڈاکوئوں کو پکڑ کر تشدد کرکے ہلاک کردیا ، مکینوں کے مطابق ملزمان ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد دوسری واردات کررہے تھے، تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون تھا نے سیکٹر سیون اے میں گھر کے باہر کھڑے ہو ئے نوجوان کو مسلح موٹر سائیکل سوار2 ڈاکو لوٹ رہے تھے کہ ، اسی دوران والد گھر سے باہر نکلے جنہوں نے ڈاکوئوں کو دیکھتے ہی دروازے کے ساتھ رکھاہوا ڈنڈا اٹھایا اور مزاحمت کرنے لگے ، چیخ و پکار سن کر گھر دوسرا بیٹا بھی باہر آگیا ، جس پر ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے باپ 60 سالہ سیلم جاں بحق، 25 سالہ ذیشان اور 30 سالہ نعمان زخمی ہوگئے ، فائرنگ و چیخ و پکار پر علاقہ مکین بھی جمع ہوگئےجنھوں نے دونوں ڈاکوئوں کو پکڑلیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنا یا ڈاکووں ہلاک ہوگئے ، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک اور زخمیوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا ، مقتول نیو کراچی اللہ والی بس اسٹاپ کے قریب رضائیاں بنانے کا کام کرتا تھا اور کچھ عرصہ قبل ہی اہل خا نہ کے ہمراہ منتقل ہوا تھا، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوئوں کے پاس موجود اسلحہ ، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، ڈاکوئوں کی فوری ان کی شناخت نہیں ہوسکی ، دونوں لاشین سرد خانے منتقل کر دی گئیں ، دریں اثنا کھارادر میں لوٹ مار کرنے والا مبینہ ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا،جسے تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔