کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فیڈرل بی ایریا کے مقامی لان میں یکجہتی فلسطین کانفرنس بعنوان بیاد شہدائے آزادی فلسطین کا انعقاد کیا گیا ، کانفرنس میں علمائے کرام، خطباء، دانشور، جامعات کے اساتذہ سمیت سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین و حضرات نے شرکت کی ، مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید، سینیٹ میں اپوزیشن رہنما علامہ راجہ ناصر عباس جعفری تھے، انتھونی نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گا، فلسطین میں مسلمان ہی نہیں مسیحی عوام کو بھی صیہونی جارحیت کا سامنا ہے،ان کاکہنا تھا کہ ایران پر امریکی جارحیت کا سلسلہ بند ہونا چاہئیے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایران پر امریکی جارحیت اسلام پر جارحیت ہے، شہیدوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر آزادی کا راستہ ہموار کیا،پاکستان کو یمن کے خلاف کسی بھی عرب ملک کی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہئیے، مسلمانوں کا اتحاد ہی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے،چند مسلمان ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات بناکرمسلمانوں کے اتحاد کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں ،ڈاکٹرصابر ابو مریم پاکستان میں جامعۃ الازہر مصر کے نمائندے صاحبزادہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری ، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ،اس موقع پر معاذ نظامی، علامہ قاضی نورانی، میجر (ر) قمر عباس، مولانا مظہر زیدی، علامہ کامران عابدی ، علامہ حیات عباس ، علامہ مبشر حسن اور دیگر موجود تھے۔