ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، مولانا یوسف شاہ

November 29, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مسائلستان بن چکا ہے اور سیاسی جماعتیں آپس میں دست و گریبان ہیں ، ملک گالم گلوچ کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ، کارکن سیاست میں شائستگی پیدا کریں عوام کی خدمت کو نصب العین بنائیں ،اکابرین کا مشن ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔یہ بات انہوں نے انہوں نے جمعیت علماء اسلام (س) قلعہ سیف اللہ کے ضلعی دفتر میں کارکنوں سے خطاب میں کہی ، اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالقیوم میرزئی ، مولانا حقداد ، مولانا سید محمد طاہر شاہ ، ڈاکٹر عبدالظاہر ، مولانا عبدالوہاب اخونزادہ ، قاری حمیداللہ حمیدی ، حبیب اللہ ، نصیب اللہ میرزئی ، ملا احمد اخونزادہ سمیت دیگر موجود تھے ۔ مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (س) ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے شہدا کی جماعت اپنے منشور و پالیسی پر کاربند ہے، کارکن مولانا سمیع الحق شہید کا مشن گھر گھر پہنچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی ، اقربا پروری ، رشوت ، کرپشن سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے، قانون کی بالادستی پوری قوم کا مسئلہ ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔