دوسال سے پولیو کا کوئی کیس نہ آنا مثبت پیش رفت ہے، اکبر حریفال

November 29, 2022

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری صحت اکبر حریفال نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب صوبہ اور ارض پاک سےپولیو کا موذی مرض ختم کر دیں گےبلوچستان میں گزشتہ دو سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اگر مزید دو سال کوئی کیس نہ آیا تومہم ختم تصور ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلا کر 6 اضلاع میں سات روزہ مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوارڈینیڑ سید زاہد شاہ سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھےانہوں نے کہاکہ بلوچستان میں گزشتہ دو سال سے پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا مثبت پیش رفت کا مظہر ہے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ وہ اسی طرح اپنی خدمات سر انجام دیتے رہیں گے ، انہوں نےکہا کہ وہ وقت دور نہیں جب صوبہ اور ارض پاک سے اس موذی مرض کو ختم کر دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے چھ اضلاع کی 203یونین کونسلز میں مہم جاری ہے مہم کے دوران نو لاکھ 78 ہزار بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےاس دوران پولیو ورکزر کو بھر پور سیکورٹی مہیا کی جارہی ہے گزشتہ دو سال میں کوئٹہ بلاک میں کوئی پولیو وائرس کا کیس نہیں ملا اگر مزید دو سال کوئی کیس نہ آیا تومہم ختم تصور ہوگی اس موقع پر سربراہ ایمر جنسی سیل سید زاہد شاہ نے کہا کہ مسلسل تین سالوں تک کیس نہ آیا تو کامیابی ہوگی پولیو وائرس کے گیارہ خاندانوں میں سے صرف ایک خاندان متاثر ہے۔ علما کرام، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سماجی اداروں کی کاوشوں کی بدولت پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کو قائل کرنے میں کردار ادا کیا جا رہا ہے والدین یہ بات سمجھ لیں کہ یہ موذی مرض آپ کے بچے اور پورے سماج پر اثر انداز ہو سکتا ہے، انہوں نےمہم کے دوران میڈیا کومنفی پروپیگنڈہ کے خلاف شعور اجاگر کرکے پولیو خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی۔