والدین اپنے بچوں کو پولیو بچاؤ قطرے لازمی پلوائیں، سیکرٹری ہیلتھ

November 29, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیکریٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور انسدادِ پولیو مہم کامیاب بنانے میں علمائے کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا فعال کردار ادا کریں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی پنجاب کے چار اضلاع کے مختص کردہ علاقوں میں انسداد پولیو خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انسداد پولیو خصوصی مہم کے دوران ضلع ملتان کی 61 یونین کونسلوں، ڈیرہ غازیخان کی 18 یونین کونسلوں، راجن پور ضلع کی دو تحصیلوں راجن پور و جام پور جبکہ بہاولپور ضلع کو مکمل طور پر کور کیا جائے گا اور اس خصوصی پولیو مہم کے دوران جنوبی پنجاب میں 18 لاکھ 58 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے ہیلتھ سیکریٹریٹ جنوبی پنجاب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرماریہ ممتاز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ملتان ڈاکٹر فاروق احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔