بلدیاتی انتخابات میں نئی نوجوان نسل کو آگے لایا جائے، چوہدری محمد سعید

November 30, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت چوہدری محمد سعید نےکہاہے کہ آزاد کشمیر میں ہو نے والے بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی طرف ابتدائی قدم اور جمہوریت کا پہلا زینہ ہے ، یہ آزاد کشمیر حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کے اس نے آزاد کشمیر میں اکتیس سال بعد بلدیاتی انتخابات کر ا نئی مثال قائم کی ہے ، عوام اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نےکہاکہ انتخابات نہ ہونے کیوجہ سے آزاد کشمیر میں ایک سکوت چھایا ہوا تھا ،عوام بنیادی حقوق سے محروم تھے، اداروں پر بیوروکریسی کا قبضہ تھا ، اب ان انتخابات سے عوام میں شعور بیدارہو گااور وہ اپنے حقوق کیلئے جد وجہد کرینگے ۔ چوہدری محمد سعید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہاس وقت ضلع کوٹلی آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے، سب سے زیادہ مسائیل کا شکارہے ، ضلع کوٹلی کے مسائل کے حل کیلئے جس طرح تعلیم یافتہ قیادت بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے وہ انتہائی خوش آیند ہے ، ان امیدوار میں سے سر مد قادری ایڈووکیٹ عوامی مقبولیت کے لحاظ سے سر فہرست ہیں ۔ سرمد قادری ایڈووکیٹ وارڈ نمبر پانچ سے ازاد امیدوار ہیں ۔ ان کے والد خورشید احمد قادری ایڈووکیٹ سابق چیئرمین بلدیہ رہے ہیں، ضلع کوٹلی کی جانی پہچانی شخصیت ہیں ۔سابق چئیر مین بلدیہ کوٹلی نے اپنے دور میں ضلع کوٹلی کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اہم کام کرائے ہیں،انکے بیٹے سرمد قادری ایڈووکیٹ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، انکی کامیابی یقینی ہے ، عوام کی اکثریت ان کیساتھ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ محدود وسائل کے باوجود آزاد کشمیر حکومت بلدیاتی انتخابات کرا رہی ہے جس میں عوام جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہےہیں،یہ سلسلہ اب رکنا نہیں چاہیے، سابق حکومتوں نے ریاست کے اندر ٹوٹی نلکے کی سیاست کو فروغ دیا، مگر عوام آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ چوہدری محمد سعید نے کہا حکومت اداروں کو چلانے کیلئے فنڈز مہیا کرے تاکہ بلدیاتی نظام عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کریں۔انہوں نے کہا بلدیاتی ادارے نہ ہو نے کیوجہ سے کشمیر میں تعمیر وترقی کا نظام رکا ہوا ہے، نظام حکومت چلانے کیلئے حکومت اپنے اختیارات مرکز سے نچلی سطح تک لائے۔