زیادتی کے بعد خاتون اور ڈیڑ ھ سالہ بیٹے کے قاتل کو دوبار سزائے موت

November 30, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی احسن محمود ملک نے زیادتی کے بعد شیر خوار بچے سمیت ماں کو قتل کرنے والے درندے کو دو بار سزائے موت دینے کا حکم دیدیا۔ تھانہ چونترہ میں گزشتہ برس چوبیس جولائی کو شمیم بی بی کی درخواست پر درج کیس کے مطابق تیس سالہ (ن) بی بی اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے گلفام ، ماموں اور ہمشیرہ کے ہمراہ گداگری کیلئے نکلے تھے واجد علی جو کہ پہلے سے مقتولہ کی جان پہچان والا تھا اسے موٹر سائیکل پر بٹھا کرمہوٹہ موہڑہ گاؤں کی جانب لے گیا۔ واپسی میں تاخیر پر جب تلاش کرتے مہوٹہ موہڑہ پہنچے تو( ن ) بی بی نے شدید زخمی حالت میں بتایا کہ واجد نے مجھے زیادتی کا نشانہ بناکر میرے معصوم بچے سمیت چھریوں کے وار کر کے لہو لہان کر ڈالا ہے۔ بعدازاں ڈیڑھ سالہ گلفام اور اس کی والدہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔عدالت نے ملزم واجد علی کو دوہرے قتل میں دو بار سزائے موت اور لواحقین کو دو لاکھ روپے ہرجانہ جبکہ زیادتی کے جرم میں پچیس سال قید اور تین لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔