سیاسی، انتظامی بحرانوں کا علاج عام انتخابات ہوسکتے ہیں، لیاقت بلوچ

November 30, 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی، انتظامی، اقتصادی بحرانوں کا علاج آئین کے دائرے میں قبل از وقت انتخابات ہوسکتے ہیں ۔عمران خان تسلیم کرلیں کہ وہ اپنی انتہائی مقبولیت کے باوجود اپنے مطالبات کی منزل حاصل نہیں کرسکے۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نظریہ پاکستان اور اسلامی معاشی نظام کی باتیں تو ہمیشہ کرتی ہے لیکن اقدامات کے لیے اِن کا رویہ انتہائی مایوس کن ہوتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منصورہ میں سیاسی انتخابی کمیٹی کے ارکان اور این اے 128 کے معززین کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نےمزیدکہاکہ حکومت اور اپوزیشن سیاسی مذاکرات کے لیے تیار نہ ہوں تو صرف دباؤپر مسائل حل نہیں ہوتے ۔قومی اسمبلی سے استعفوں کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین نے دیگر اسمبلیوں سے بھی باہر آنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی پوری توجہ خطرناک شرائط پر قرضوں کا حصول اور سُود کی شرح میں اضافہ کرکے سودی نظام کو ہی مسلط رکھنے پر مرکوز ہے۔لیاقت بلوچ نے سینئر بزنس رہنما ایس ایم منیر کے انتقال پر تعزیت کا اظہاربھی کیا۔