لاہور(آصف محمود بٹ )لاہور چیمبر میں 8فروری کو پہلی مرتبہ SMEفنانس اینڈ بینکنگ ایکسپوکا انعقاد۔معروف کمرشل بینک کی شرکت متوقع، کریڈٹ اسکیمز، آسان قرضے، سرمایہ کاری کے متبادل آپشنز اور دیگر مالیاتی سہولیات پیش کرینگے۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ہ بینکنگ سیکٹر کے ساتھ مسلسل رابطے، مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے ایک سازگار، مستحکم اور کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ کاروباری افراد اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر سکیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کریں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں یعنی ایس ایم ایز کو درپیش مالی مشکلات کے حل اور اور ان کی ترقی کے لیے ایک اہم اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے 8 جنوری 2026 کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں "ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو" منعقد کررہا ہے جس کا افتتاح گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کریں گے جبکہ مالیاتی ماہرین، کاروباری رہنما، بینکنگ سیکٹر کے سینئر عہدیداران، سرکاری حکام اور ایس ایم ای سیکٹر کے نمائندگان کی بڑی تعداد اس میں شریک ہوگی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اہم ترین قدم کا مقشد ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیے جانے والے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو مضبوط کرنا، مالی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنا اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانا ہے۔اس ایکسپو کے ساتھ ایک اہم سمپوزیم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے مسائل، مالی مشکلات اور توسیع و ترقی کے لیے جدید اور عملی حل پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ایکسپو میں 33 معروف کمرشل بینک شرکت کریں گے اور اپنے سٹالز کے ذریعے ایس ایم ایز کے لیے کریڈٹ اسکیمز، آسان قرضے، سرمایہ کاری کے متبادل، ڈیجیٹل بینکنگ، اسلامی فنانس کے آپشنز اور دیگر مالیاتی سہولیات پیش کریں گے۔ ہر بینک کا اسٹال کاروباری مالکان کو اپنی فنانشل پروڈکٹس، سہولتوں اور شرائط کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرے گا تاکہ وہ براہِ راست معلومات حاصل کر سکیں اور اپنے کاروبار کے لیے مناسب مالیاتی منصوبہ بندی کر سکیں۔اس ضمن میں " جنگ "سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ یہ ایکسپو ایس ایم ایز کے لیے ایک تاریخی اور اہم پیش رفت ہے کیونکہ یہ شعبہ ملکی معیشت کی ترقی، روزگار کے مواقع اور صنعتی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی کوشش ہے کہ ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک آسان رسائی فراہم کی جائے، تاکہ وہ اپنی پیداوار، برآمدات اور کاروباری صلاحیت کو بڑھا سکیں۔فہیم الرحمنٰ سہگل نے مزید کہا کہ ایکسپو کے ساتھ سمپوزیم میں جن میں فنانشل لٹریسی، کیش فلو مینجمنٹ، کریڈٹ رسک مینجمنٹ، سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری توسیع کے منصوبے، بینکنگ قوانین اور دیگر اہم موضوعات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ سیشنزایس ایم ایز کے مالکان کو جدید بینکنگ اور فنانس کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مؤثر اور مستحکم انداز میں ترقی دے سکیں۔فہیم الرحمنٰ سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری برادری، خصوصاً ایس ایم ایز کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر کے ساتھ مسلسل رابطے، مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے ایک سازگار، مستحکم اور کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جائے گا تاکہ کاروباری افراد اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر سکیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکسپو کے ذریعے ایس ایم ایز کو نہ صرف مالی سہولیات کے بارے میں آگاہی ملے گی بلکہ، سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں معلومات میسر آئیں گی اور تجارتی رابطے بھی مضبوط ہوں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کے بنیادی مقاصد میں ایس ایم ایز کو آسان قرضے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا، بینکنگ اور فنانشل سروسز کے بارے میں رہنمائی دینا، کاروباری مالکان کو جدید مالیاتی حل کے بارے میں آگاہ کرنا، صنعتی اور تجارتی ترقی کے لیے بینکوں اور کاروباری برادری کے درمیان اعتماد پیدا کرنا اور ملک کی معیشت میں ایس ایم ایز کے کردار کو مضبوط کرناشامل ہے۔