گورنرراج کیلئے اسمبلی سے قرارداد منظور کرانا لازمی‘ ماہر قانون

December 01, 2022

لاہور( این این آئی)ماہر قانون ابوذر سلمان نیازی نے کہا ہے کہ کسی صوبے میں گورنر راج لگانے کے لیے اسمبلی سے قرارداد منظور کرانا لازمی ہوگا۔ اگر قرار داد منظور نہیں ہوتی ہے تو پھر گورنر راج کے نفاذ کے لیے صدر کی منظوری چاہیے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کیلئے پارٹی صدر یا پارلیمانی پارٹی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ آئین کے تحت پارلیمانی امور میں پارٹی صدر نہیں بلکہ پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کو دیکھا جاتا ہے۔وزیر اعلی کو آئین اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار دیتا ہے،اگر پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں پارٹی صدر نہیں روک سکتے تاہم تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں وزیراعلی اسمبلی تحلیل نہیں کرسکتے۔ انہوںنے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد گورنر راج کو تحفظ دیا گیا ہے، آرٹیکل 232کے تحت جنگ کی صورت میں گورنر راج لگایا جا سکتا ہے جبکہ آرٹیکل 234 کے مطابق گورنر راج اندرونی خلفشار یا غیر یقینی صورتحال میں بھی لگایا جا سکتا ہے۔