پنڈی، انگلش بیٹرز نے پاکستانی بولنگ کو مذاق بنادیا، پہلے دن 506 رنز کا عالمی ریکارڈ

December 02, 2022

راولپنڈی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) انگلش بیٹرز نے پاکستانی بولنگ کو مذاق سمجھ لیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں میچ کے پہلے دن پانچ سورنز کا عالمی ریکارڈ بن گیا۔ انگلش بیٹر نے ایک دن میں چار وکٹ پر506رنز بناکر کئی بیٹنگ ریکارڈ اپنے نام کر لئے۔ ہیری بروک نے سعود شکیل کے ایک اوور میں چھ چوکے مارے۔ خراب روشنی کی وجہ سے15 اوورز کا کھیل نہ ہوسکا۔ انگلش بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ میں 112سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1910میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کیخلاف پہلے دن 494رنز بنائے تھے۔ پورے دن میں73 چوکے اور تین چھکے لگے۔ کھیل کے اختتام پر کپتان بین اسٹوکس 34اور ہیری بروک پہلی سنچری مکمل کرنے کے بعد101رنز پر کھیل رہے تھے۔ کمزور بولنگ اٹیک کے خلاف زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ اور ہیری بروک نے سنچریاں داغ دیں۔ جمعرات کو بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زیک کرالی اور بین ڈکٹ نے لنچ پر بغیر کسی نقصان کے174رنز بناکر پہلے سیشن میں پاکستانی بولروں کو بے بس کردیا۔15ٹیسٹ میچوں کا تجربہ رکھنے والا پاکستانی بولنگ اٹیک بے جان وکٹ پر کسی بیٹر کو پریشان نہ کرسکا۔ اوپنرز نے نسیم شاہ کے پہلے اوور میں 14رنز بنائے اور محض نویں اوور میں نصف سنچری مکمل کر لی۔ اوپنرز نے ٹیم کی سنچری کھیل کے پہلے ہی گھنٹے میں صرف 13.4اوورز میں مکمل کرا دی ۔زیک کرالی نے کھانے کے وقفے کے فوراً بعد اپنی سنچری مکمل کرلی ۔ وہ 99کے اسکور پر اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئے جب امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا لیکن ڈی آرایس کے استعمال کی بدولت وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے۔ بین ڈکٹ نے حارث رئوف کو چوکا لگاکر اپنے کیریئر کی پہلی سنچری 104گیندوں پر مکمل کی۔ پاکستان کو 233کے اسکور پر پہلی کامیابی ملی ۔ بین ڈکٹ 107رنز بناکر ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ قرار پائے، فیلڈ امپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا، جس پر پاکستان نے ریویو لینے کا درست فیصلہ کیا ، یوں زاہد محمود نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حارث رؤف نے 122رنزپر کھیلنے والے زیک کرالی کو بولڈ کردیا۔ دو وکٹیں گرنے کے بعد اولی پوپ کا ساتھ دینے تجربہ کار جو روٹ آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے مزید 51رنز کی شراکت قائم کی، روٹ 23رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ریویو کے استعمال کے باوجود وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔ اولی پوپ کو محمد علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ بنایا، وہ 108رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔بروک اور پوپ نے 176رنز کا ضافہ کیا۔ زاہد محمود نے دو جبکہ حارث رؤف اور محمد علی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔