پاکستان اسٹیل مل میں ڈھائی کروڑ کے سامان کی مبینہ خورد برد کی تحقیقات 5 ماہ سے سرد خانے کی نذر

December 02, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان اسٹیل مل میں ڈھائی کروڑ سے ذائد کے سامان کی مبینہ خورد برد کی تحقیقات پانچ ماہ سے زیر التوا ہے۔ دستاویزی ثبوتوں کے مطابق پی ایس ایم کے سابق انجینئر عبدالرحمان نے 21 جون 2022 کو ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ایک مراسلہ تحریر کیا تھا کے سابق انچارج ٹاؤن شپ ڈیپارٹمنٹ جاوید اختر ملک کو پاکستان اسٹیل میل انتظامیہ نے ٹاؤن شپ میں موجود رہائشی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور مرمت کے لیے 36۔25 ملین روپے مالیت کا مختلف سامان دیا۔ جب عبدالرحمن کو مذکورہ عہدے کا چارج لینے کا کہا گیا اور انہوں نے جاوید اختر سے سامان کی انوینٹری طلب کی تو ان کو یہ بتایا گیا کے سامان استعمال ہوچکا ہے جبکہ اس حوالے سے کوئی ایک ثبوت نہیں دیا گیا جس پر انہوں نے چارج لینے سے انکار کیا۔ اس حوالے سے جاوید اختر ملک کو دو یوم تک متعدد بار فون کالز کی گئیں۔ ان کو الزامات کے حوالے سے میسج کیا گیا اور بار بار یاد دہانی بھی کرروائی گئی مگر میسج پڑھنے کے باوجود انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔ اسی حوالے سے عبدالرحمن نے تصدیق کی کہ انہوں نے درخواست دی تھی مگر اب تک اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کو طلب کیا گیا۔ قائم مقام جنرل منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ پرسنل ریاض منگی کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں یہ تو ہے کہ ایسی درخواست سی ای او کو موصول ہوئی تھی مگر " ان کے علم میں نہیں کہ اس پر کوئی کاروائی ہوئی ہو"۔