فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے کہا ہے کہ 15فیصد سالانہ سے زائد کی مستقل شرح نمو حاصل کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے برآمدات کو اولین قومی ترجیح قرار دے کر بنیادی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کا آغاز جولائی کے مہینے میں برآمدات میں اضافے سے ہوا تھا تاہم اگست میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے برآمدات کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ برآمدی مسابقت کو کمزور کرنے والی اس طرح کی رکاوٹوں کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لئے فوری پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔