متوازن زندگی،احتیاطی تدابیر اپنا کر ایڈز سے بچاؤ ممکن،ڈاکٹر اختر ملک

December 02, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام، یواین ڈی پی، یواین ایڈز اور یونیسف کے مشترکہ تعاون سے ایچ آئی وی /ایڈز سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ متوازن زندگی اور احتیاطی تدابیر کے اصولوں کو اپنا کر ہی ایڈز سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ایڈز سے نفرت، مریض سے نفرت نہیں بلکہ ان سے بہترین برتاؤ عالمی دن کے موقع پر ہمارا پیغام ہے۔ سیمینار میں ایڈیشنل سیکریٹری ورٹیکل پروگرامز عاصم رضا، ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شاہد مگسی سمیت پروگرام ڈائرکٹرز شریک ہوئے جبکہ عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، یو این ایڈز اور یو این ڈی پی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔سیمینار میں بیماری کے بارے میں غلط تصورات کے موضوع پر خصوصی سٹیج ڈرامہ کا انعقاد کیا گیا۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز کے مریضوں کی رازداری کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہےاور مخصوص گروہوں جن میں سرنج سے نشہ کرنے والے افراد زیادہ اس مرض کا شکار ہیں ان میں زیادہ ایڈز پھیلنے کی شرح زیادہ ہے یہ مرض غیر ٹیسٹ شدہ خون کے انتقال اور سرنج کے غیر محتاط استعمال غیر محتاط جنسی تعلق اور متاثرہ ماں سے پیدا ہونے والے بچے کو بھی منتقل ہو سکتا ہے ساتھ کھانا کھانے اور ہاتھ ملانے سے یہ مرض نہیں پھیلتا۔