ملتان(سٹاف رپورٹر)خواتین یونیورسٹی شعبۂ انگریزی اور شعبۂ اردو کے اشتراک سے “ڈیجیٹل مارکیٹنگ: انگلش اور اردو ادبی مہارتوں کو ڈیجیٹل اثر میں ڈھالنا” کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا،ورکشاپ کا مقصد روایتی لسانی و ادبی مہارتوں کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جوڑتے ہوئے طالبات کو عملی اور مارکیٹ سے ہم آہنگ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا تھا ۔ورکشاپ کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نےاس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ زبان و بیان کی قوت کو وسعت دینے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، خصوصاً جب یہ مضبوط لسانی مہارتوں پر مبنی ہو طالبات کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتوں سے لیس کرنا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، ڈاکٹر منزہ ربانی نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں زبان و ادب کے طلبہ کے پاس بطور کانٹینٹ کری ایٹر، ڈیجیٹل مارکیٹر، کاپی رائٹر اور سوشل میڈیا اسٹریٹیجسٹ نمایاں مواقع موجود ہیں ان کے مطابق انگریزی اور اردو پر مہارت اگر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی مہارتوں کے ساتھ شامل ہو جائے تو فری لانسنگ، انٹرپرینیور شپ، میڈیا، برانڈنگ اور آن لائن ایڈووکیسی جیسے شعبوں میں کامیاب کیریئر کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں،تنویر نانڈلہ نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی عملی حکمتِ عملیوں پر تفصیلی گفتگو کی اور کانٹینٹ کری ایشن، آڈیئنس انگیجمنٹ، اسٹوری ٹیلنگ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے اخلاقی استعمال پر روشنی ڈالی۔