نااہلی کی انتہا، پتہ نہیں ہماری پولیس کب سیکھے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ

December 02, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) نور مقدم قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ پتہ نہیں ہماری پولیس کب سیکھے گی ، ہر کیس میں مسائل سامنے آ رہے ہیں ، نجانے پولیس بنیادی چیزوں کو کیوں اور کیسے نظرانداز کر سکتی ہے؟ اسی لئے ہمیں کہنا پڑتا ہے کہ یہ نااہلی کی انتہا ہے ، نہیں سمجھ آیا کہ اس کیس میں 14 افراد کو ملزم بنانے کی کیا ضرورت تھی؟ جمعرات کو نور مقدم قتل کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران وکلا کے دلائل دوسرے روز بھی جاری رہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اپیلوں کی سماعت کی تو مدعی مقدمہ شوکت مقدم اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت مرکزی مجرم ظاہر جعفر کے وکیل عثمان کھوسہ نے دلائل دئیے۔