غلام مصطفی ٰ انتقال کر گئے ہیں تو لاش ہمارے حوالے کی جائے، اہلخانہ

December 02, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مبینہ طور پر لاپتہ غلام مصطفیٰ بلوچ کے انتقال کی تصدیق کی یا پھر ان کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے ، یہ بات مبینہ طور پر لاپتہ غلام مصطفیٰٰ بلوچ کے اہلخانہ نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع آوران کی تحصیل مشکے کے علاقے گورجک کے رہائشی غلام مصطفیٰ 15 جنوری 2016 کو ان کے بھتیجے اور ایک قریبی رشتہ دار کے ہمراہ ان کے گھر سے مبینہ طور پر لاپتہ کیا گیا کچھ عرصہ کے بعد ان کے بھتیجے اور رشتہ دار کو تو چھوڑ دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج تک کسی نے نہیں بتایا کہ غلام مصطفیٰٰ بلوچ کا قصور کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے بااثر سیاسی رہنما جو اس وقت اعلیٰ عہدئے پر بھی ہیں کے بھائی اور ایک سابق ناظم نے مشکے اور ہمارے گاؤں گورجک کے علاقائی معتبرین سے ووٹ مانگا تو علاقے کے بڑوں نے اس شرط پر ووٹ دیا کہ وہ غلام مصطفیٰ ٰکو بازیاب کرائیں گے تاہم حال ہی میں جب ان سے دوبارہ ملاقات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ غلام مصطفیٰٰ کا انتقال ہوا ہے، ساڑھے چھ سال انتظار کرنے پر ہمیں اس بات پر یقین نہیں ہورہا اگر غلام مصطفی ٰکا انتقال ہو گیاہے تو اس کی لاش ہمارے حوالے کی جائے۔