بنگلادیش اور روہنگیا مہاجرین کیخلاف تقریر پر پریش راول کیخلاف مقدمہ درج

December 03, 2022

فائل فوٹو

بھارتی سیاستدان و اداکار پریش راول کے خلاف بنگلادیشی اور روہنگیوں سے متعلق متنازع تقریر پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس نے اداکار پریش راول کو ان کے نفرت آمیز تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ سابق ممبر پارلیمنٹ اور سی پی آئی (ایم) لیڈر محمد سلیم ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد سلیم نے کولکتہ پولیس کو شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ ان کی شکایت کو ایف آئی آر کے طور پر تسلیم کیا جائے اور اداکار کے خلاف فوری مقدمہ چلائیں کیونکہ ان کی تقریر بنگالیوں کے خلاف نفرت آمیز رائے قائم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگالیوں کی ایک بڑی تعداد ریاست کی حدود سے باہر رہتی ہے، خدشہ ہے کہ پریش راول کے اس بیانیے کے بعد انہیں متعصبانہ رویے کا نشانہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے اپنی شکایت میں مطالبہ کیا کہ پریش راول پر تعزیرات ہند کے تحت دشمنی کو فروغ دینے، توہین کرنے، عوامی فساد برپا کرنے سمیت مختلف دفعات لگاتے ہوئے فردِ جرم عائد کی جائے۔

دوسری جانب مغربی بنگال کے حکمراں ترنمول کانگریس نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریش راول کے تبصروں نے مغربی بنگال میں ایک طوفان برپا کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اداکار نے اپنے بیان پر معافی مانگ کر اس کی وضاحت دینےکی کوشش کی لیکن انہوں نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے تنازعے کو مزید بڑھا دیا کہ جب اس نے لفظ ’بنگالی‘ استعمال کیا تو اس کا مطلب ’غیر قانونی بنگلہ دیشی اور روہنگیا‘ تھے۔

واضح رہے کہ گجرات میں حکمران جماعت بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران پریش راول نے کہا تھا کہ یہاں کے لوگ مہنگائی برداشت کرلیں گے لیکن اپنے پڑوس میں بنگالیوں اور روہنگیا کے لوگوں کو نہیں۔

اس بیان کے بعد ان کے خلاف بہت سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اداکار نے معافی مانگلی تھی اور اپنے بیان کی وضاحت بھی پیش کردی تھی۔