وکیل کو توہین عدالت پر 3 ماہ قید، بغیر سرنڈر اپیل ناقابل سماعت قرار

December 04, 2022

لاہور ( کورٹ رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس وحید خان پر مشتمل دو ررکنی بینچ نے توہین عدالت میں تین ماہ قید کی سزا کے خلاف وکیل رانا آصف ایڈووکیٹ کی اپیل پر آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے اپیل ناقابل سماعت قرار دے دی،ہائیکورٹ آفس نے وکیل کو گرفتاری کے لیے پیش کئے بغیر اپیل دائر کرنے کا اعتراض لگایا، بنچ نے ریمارکس دیئے کہ ابھی آفس کے اعتراض کی سماعت کررہے ہیں، وکلاء نے دستاویزات فراہم کرکے اعتراضات دور کر دیا جس پر جسٹس وحید نے کہا کہ توہین عدالت کا قانون خصوصی قانون ہے،رانا آصف ایڈووکیٹ نے سرنڈر کئے بغیر اپیل دائر کی اس لئے ہائیکورٹ آفس کا اعتراض برقرار ہے، عدالت کے حکم پر وکیل رانا محمد آصف بھی عدالت میں پیش ہو گیا،شفقت محمود چوہان ایڈووکیٹ نے کہایہ معاملہ عدالت اور بار کی توقیر کاہے دونوں طرف ہم ہیں، عدالت کا فیصلہ موجود ہے کہ سرنڈر کئے بغیر اپیل کی سماعت کی جاسکتی ہے،عدالت اس معاملے کو ہمددردانہ طور پر دیکھے،عدالت نے کہا عدالت اس صورت میں ہمدردانہ طور پر دیکھے گی جب وکیل عدالت کےسامنے سرنڈر کرےگا، وکیل نے عدالت میں سرنڈر کیا ہے اس لیے اپیل پر سماعت کی جائے، جسٹس محمد وحید نے کہا کہ سب وکلا ءکو قانون کا علم ہے، جسٹس محمد وحید نے ریمارکس دیئے کہ بدقسمتی سے جس کشتی میں سوار ہیں اسی میں سوراخ کر رہے ہیں اسطرح کشتی ڈوب جاتی ہے، جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے اپیل دائر کرنے کے لیے سرنڈر کرنا ضروری ہے، عدالت کا حکم سننے کے بعد وکلاء نے نعرے بازی کی اور رانا محمد آصف کو ساتھ لے گئے۔