کراچی میں بھی سندھی ثقافت کا دن جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

December 05, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اتوار کو سندھی ثقافت کا دن جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا،مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور سندھی گیتوں پر رقص کرتے شہری اپنی ثقافت کو اجاگرکرتے رہے، سیاسی و سماجی رہنماوں کے علاوہ بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے ریلیوں میں شرکت کی اورکراچی پریس کلب کے سامنے مشترکہ تقریب کے دوران سندھی نغموں پر رقص کیا۔کراچی پریس کلب سے فوا رہ چوک تک سجے سندھ کے ثقافتی میلے میں سندھ بھر سے آئے نوجوان ، بچے ، بزرگوں اورخواتین نے سندھی کلچر اور ایکتا کا یہ دن بھرپور انداز سے منایا، اسٹیج پر معروف سندھی لوک فنکار مدھر دھنوں اور لوک گیتوں سے شرکا کا لہو گرماتے رہے۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے سندھ کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،صوبائی وزیر محنت سعید غنی ، اومان، قطر ، بحرین کے قونصل جنرلز، بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر، عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔