اڈیالہ جیل کی قصوری چکیوں میں بندتین اسیروں کا طبی معائنہ

December 05, 2022

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) اڈیالہ جیل کی قصوری چکیوں میں بندتین اسیروں کامیڈیکل چیک اپ کرالیاگیا،ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے سنٹرل جیل اڈیالہ میں تحقیقات کیلئے بھجوائی گئی تین رکنی چیف منسٹرانسپکشن ٹیم جو ڈپٹی سیکرٹری برائے پنجاب جیل خانہ جات ہوم ڈیپارٹمنٹ شرجیل وٹو،ڈی آئی جی جیل خانہ نویدرؤف اورڈپٹی ڈائریکٹرہیومن رائٹس اینڈمینارٹی افئیرزمحمدیوسف پرمشتمل تھی جب اپنے دورے کے دوران سنٹرل جیل کے پنشمنٹ سیل میں پہنچی تووہاں قصوری چکیوں میں بطورسزابندتین اسیروں نے انہیں شکایت کی کہ جیل حکام نے ان پرتشددکیااوربعدازاں انہیں قصوری چکیوں میں بندکردیاگیا ،اس دوران انہوں نے اپنے جسموں پرتشددکے نشانات بھی ٹیم ارکان کودیکھائے ،جس پر انسپکشن ٹیم نے ان کی قمیضیں اترواکرتصاویربنوائیں تومبینہ طورپرجیل سپرنٹنڈنٹ نے اعتراض کیا ، ذرائع کاکہناہے کہ اس دوران انسپکشن ٹیم کے ایک رکن اورسپرنٹنڈنٹ کے درمیان تلخ جملوں کاتبادلہ بھی ہوا،انسپکشن ٹیم نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے کہاکہ انہیں جس مقصدکے لئے بھیجاگیاوہ اپناکام کررہے ہیں آپ مداخلت نہ کریں ،اس پرڈی آئی جی جیل خانہ جات نے مداخلت کرتے ہوئے فوری طور پرجیل سپرنٹنڈنٹ کوان کے دفترجانے کاکہاجس پروہاں سے چلے گئے ،ذرائع کاکہناہے کہ انسپکشن ٹیم کے حکم پرمذکورہ تینوں اسیروں کاجیل ہسپتال کی ٹیم سے میڈیکل چیک اپ بھی کرایاگیا ،ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعلیٰ معائینہ ٹیم اڈیالہ جیل بارے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کوپیش کرے گی۔