بجلی چوری، گزشتہ ماہ 4 کروڑ جرمانے

December 06, 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز آئیسکو انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہےکہ آئیسکو کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور انکی معاونت کرنے والوں کی سرکوبی کیلئےمہم جاری ہے جس میں آئیسکو آپریشن، ایم اینڈ ٹی اور سرویلنس کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نےکہا کہ نومبر کے دوران فیلڈ فارمیشنز نے دوران چیکنگ 3407ایسے کیسز پکڑے جن میں3378 میٹر سلو پائے گئے،23میٹرز سے بجلی کی ڈائریکٹ سپلائی لی جا رہی تھی جبکہ 6میٹرزٹمپرڈ پائے گئے۔ متعلقہ صارفین کے خلاف کارروائی میں17لاکھ یونٹس کی مد میں 4کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اور قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ صارفین کے خلاف تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں ۔