چین: سپرمارکٹس، دفاتر منفی کورونا ٹیسٹ دکھانے کی شرط ختم

December 06, 2022

فائل فوٹو

چین میں صفر کووڈ پالیسی میں نرمی کا سلسلہ جاری ہے،بیجنگ میں سپرمارکٹس اور دفاتر میں داخلے کے لیے اب منفی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانے کی شرط ختم ہو گئی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں داخلے کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔

چین بھر میں کل تک کورونا پابندیوں میں نرمی سے متعلق مزید 10 نئے اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔

چین میں گزشتہ دنوں صفر کورونا پالیسی کے خلاف کئی شہروں میں مظاہرے کیے گئے تھے، مظاہروں کے بعد مختلف شہروں میں لاک ڈاون سمیت دیگر پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔

دوسری جانب چین میں یومیہ کورونا کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 28 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔