شہر بھر میں قائم غیرقانونی اڈے ختم کئے جائیں، نصراللّٰہ کاکڑ

December 07, 2022

کوئٹہ(پ ر)آل مشترکہ بلوچستان بس مزدا اونرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر حاجی نصراللہ خان کاکڑ، آل پشتون بیلٹ منی بس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی امیر محمد یٰسین زئی، کوئٹہ لورالائی کے حاجی عبدالغفار یاسنزئی، ملک عطا محمد مہترزئی و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں غیر قانونی ٹوڈی اور لانگ روٹ روڈ بس اڈوں اور خاص طور پر سریاب روڈ گاہی خان چوک سے لیکر موسیٰ کالونی اور تفتان بس اڈوں سیٹلائٹ ٹاؤن تک پندرہ کے قریب غیر قانونی اڈے ہیں، مگر حکومت اور ٹریفک پولیس کو یہ نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دو طرح کے قانون چل رہے ہیں، ہزار گنجی بس اڈے میں لینڈ مافیا کیلئے الگ اور شریف ٹرانسپورٹرز کیلئے الگ قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارگنجی پراجیکٹ میں اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود سارا دن غیرقانونی لانگ روڈ بسوں اور ٹوڈی کی وجہ سے روڈ بند رہتا ہے۔ افسوس 2008ء سے ہزار گنجی بس اڈے میں پشتون بیلٹ کے ٹرانسپورٹرز اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ ناانصافی ختم کی جائے جبکہ شہر بھر میں غیرقانونی اڈوں کو ہزارگنجی منتقل کیا جائے۔