ایف بی ایریا میں پارک پر آبادی قائم، ہائیکورٹ نے محکمہ کچی آبادی سے رپورٹ مانگ لی

December 08, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایف بی ایریا بلاک فائیو میں پارک کی زمین پر تجاوزات کے خلاف درخواست پر کے ایم سی اور محکمہ کچی آبادی سے رپورٹ طلب کر لی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایف بی ایریا بلاک فائیو رحمان آباد میں پارک کی زمین پر بنگالی پاڑہ قائم کیا گیا ہے، 1992 میں آپریشن کر کے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور متاثرین کو متبادل کے طور پر بلدیہ ٹاؤن میں پلاٹس بھی دیے گئے تھے، نقشے میں پارک ہے، 1979 میں کے ڈی اے نے زمین کے ایم سی کے حوالے کردی تھی، ناظر کی رپورٹ کے مطابق پارک کی زمین پر غیر قانونی تعمیرات کردی گئی ہیں، پارک کی زمین خالی کروا کے اصل حالت میں بحال کیا جائے، عدالت نے پارک کی زمین کی حیثیت اور تجاوزات سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا، دریں اثنا مذکورہ بنچ نے گلستان جوہر بلاک 11میں پارک کی زمین پر قبضے سے متعلق درخواست پر حکومت سندھ، کمشنر کراچی، ایس بی سی اے، کے ڈی اے، کے ایم سی و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پارک کی زمین پر دکانیں و دیگر تجاوزات قائم کردی گئیں ہیں، شہر میں پہلے ہی گراؤنڈز کی کمی ہے، پارک پر قبضے سے بچوں اور فیملیز کی سیر و تفریح ختم ہوگئی ہے، عدالت سے استدعا ہے پارک کی جگہ کو فوری واگزار کرانے کا حکم دیا جائے، عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔