آئین و قانون کی حکمرانی سے جمہوریت کا استحکام ہے، عالمزیب ایڈوکیٹ

December 09, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ لائرز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی سرپرست اعلیٰ عالم زیب خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام اور عوام کی بالادستی ہی کے ذریعے پاکستان کومستحکم بھی بنایا جا سکتا اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن بھی کیا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ کے قائد میاں محمدنواز شریف کی طرف سے آئین و قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام اور عوام کی بالادستی کے لئے تین بار وزارت عظمیٰ قربان کی گئی آئین وقانون کی حکمرانی کے لئے میاں محمد نواز شریف کو جیل بھی جانا پڑا اور جلا وطن بھی ہونا پڑا جبکہ عمران نیازی آئین و قانون کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ عالمزیب خان ایڈوکیٹ نے وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ذریعے اقتدار میں آنے کی بجائے چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے لئے عمران نیازی کی طرف سے مارشل لا ایڈمنسٹریٹر پرویز مشرف کا ساتھ دیا گیا۔ عمران نیازی 2018میں بھی عوام کی حمایت سے اقتدا ر میں نہیں آئے بلکہ انہیں دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط کیا گیا۔ اقتدار میں آنے کے بعد چار سال تک ملک سے غربت و بےروزگاری ختم کرنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے چوروں کی سرپرستی کرتے رہے۔ اربوں روپے لوٹنے والے لٹیروں کو این آر او دے دیا گیا اور پاکستان کو کرپشنستان بنا دیا گیا۔ وزیراعظم کو بیرونی ملکوں سے ملنے والےقیمتی تحائف قوم کی امانت ہوتے ہیں لیکن عمران نیازی نے بددیانتی کر کے قیمتی تحائف فروخت کر دیئے۔ چوروں کی سرپرستی کرنے لٹیروں کو این آر او دینے اور توشہ خانہ تحائف بیچنے والا انقلاب نہیں لا سکتا۔