سرکاری جامعات میں نئی بھرتیوں پر پابندی خوش آئند قرار

December 10, 2022

پشاور (جنگ نیوز)آل خیبر پختونخوا یونیورسٹیز کنٹریکٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف نصیر اور دیگر کابینہ نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے سرکاری جامعات میں نئی بھرتیوں پر پابندی کے فیصلے نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر غلام علی کے مشکور ہیں جنہوں نے جامعات میں کام کرنے والے تجربہ کار اساتذہ اور دیگر ملازمین کو نکالے جانے اور ان کی جگہ ناتجربہ کار افراد کو بھرتی کئے جانے کے عمل کا نوٹس لیا اور نئی بھرتیوں پر عارضی پابندی لگا کر ظلم ناحق کو روکا ۔ گورنر نے پہلے سے بھرتی عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔یونیورسٹیز سے نکالے جانے والوں میں ایسے ملازمین بھی ہیں جنہوں نے 23 سال خدمت کی اور اب زائد العمر ہونے کے باعث دوسری جگہوں پر ملازمت بھی نہیں کر سکتے۔