اہل خانہ کو یرغمال بناکر 86 لاکھ لوٹ لئے گئے، لاکھوں کی چوریاں

December 10, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی، اسلام آباد میں درجنوں وارداتوں میں 7 گاڑیوں اور 21موٹر سائیکلوں سمیت لاکھوں روپے کی نقدی ،زیورات اور دیگر سامان اڑا لیا گیا ۔تھانہ سبزی منڈی کو محمد شفیع نے بتایا کہ آئی ٹین ون میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنالیا اور 26لاکھ روپے چھین لئے جبکہ سیف کی چابیاں مانگیں جو نہ تھی تو وہ سیف کو اٹھا کر لے گئے جس میں 60لاکھ روپے موجود تھے۔ تھانہ آئی نائن کو کامران حمید نے بتایا کہ آئی ایٹ ٹو میں نامعلوم نوکرانیوں نے گھر سے 3لاکھ 85ہزار روپے اور 15تولے سونے کے طلائی زیورات چوری کرلئے۔ سول لائن پولیس کو شان نے بتایا کہ اپنے دوست اسماعیل کے ہمراہ موٹرسائیکل پر اپنے گھر کی طرف واپس آ رہا تھا کہ 2 موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر ہم سے موبائل و نقدی وغیرہ چھینے کی کوشش کی ۔ ایک نوجوان نے مجھ پر فائر کیا جو مجھے بائیں ٹانگ پر لگا۔تھانہ کرپا کو توصیف احمد نے بتایا کہ چوروں نے موبائل ،سونا اور 8لاکھ روپے چوری کرلئے۔روات پولیس کو محمد عدیل نے بتایا کہ 3 مسلح افراد نے ہماری گاڑی روکی اور اسلحہ تان کرمیری بہو سے 10 سے 12 تولے زیور جن کی مالیت تقریباً 15 لاکھ روپے بنتی ہے، لوٹ لے گئے۔تھانہ گنج منڈی پو لیس کو محمدارشد نے بتایا کہ کسی نامعلوم شخص نے روشن دان توڑ کر دکان سے22لاکھ روپے چوری کرلئے۔ دیگر وارداتیں دیگر تھانوں کی حدود میں ہوئیں۔